ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر معاملہ :سپریم کورٹ نے شاہ کو ملی کلین چٹ کے خلاف عرضی مسترد کی

سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر معاملہ :سپریم کورٹ نے شاہ کو ملی کلین چٹ کے خلاف عرضی مسترد کی

Mon, 01 Aug 2016 18:18:20    S.O. News Service

نئی دہلی، یکم اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر معاملے میں بی جے پی کے صدر امت شاہ کو الزامات سے بری کئے جانے کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست آج مسترد کر دی۔سابق نوکر شاہ اور سماجی کارکن ہرش منڈ یر کی جانب سے دائر درخواست پر تقریبا آدھے گھنٹے تک سماعت کے بعد جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے اس معاملے کومسترد کر دیا۔منڈ یر نے ممبئی ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو چیلنج کیا تھا جس کے تحت نچلی عدالت کی طرف سے بی جے پی صدر کو الزامات سے بری کئے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا تھا۔شاہ کو راحت دیتے ہوئے بنچ نے کہاکہ جب کوئی شخص واقعی پریشان ہو تو مسئلہ ایک الک رنگ لیتا ہے لیکن جب کسی شخص کا دور دور تک کوئی رابطہ نہ ہو اور وہ اس معاملے کو پھر سے زندہ کرنا چاہتا ہو تو یہ ایک الگ مسئلہ ہے۔سینئر وکیل کپل سبل نے منڈ یر کا موقف رکھتے ہوئے کہاکہ عوام کو یہ محسوس ہونا چاہیے کہ کوئی بھی قانون سے اوپر نہیں ہے۔سبل کی اس بات پر عدالت نے کہا کہ وہ کسی کو بھی قانون سے بالا تر نہیں مانتی ۔سبل نے کہاکہ سی بی آئی نے چارج شیٹ دائر کی ہے لیکن میں یہ نہیں سمجھ پا رہا ہوں کہ وہ پلٹ کیوں گئے؟ یہاں تک کہ شاہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والے سہراب الدین کے بھائی نے بھی بعد میں معاملہ واپس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ہائی پروفائل معاملہ ہے، جسے گجرات سے مہاراشٹر منتقل کیا گیا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی عوام کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے ۔شروع سے ہی بنچ نے اس معاملے میں منڈ یر کے تعلق پر سوال اٹھایا۔
سبل نے عدالت عظمی کے کچھ سابقہ فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کسی بھی رکن کو ایسے معاملے سے تعلق ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کو منڈ یر کی درخواست مسترد نہیں کرنی چاہیے تھی اور اس معاملے پر از خود نوٹس لیا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہاکہ سی بی آئی نے ایک چارج شیٹ دائر کی ہے اور شاہ کو 16نمبر کا ملزم بنایا ہے، یہ قتل کا معاملہ ہے۔شاہ کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے عدالت عظمی کے کئی فیصلوں کا ذکر کیا اور معاملہ کے ساتھ منڈ یر کے تعلق پر سوال اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ یہ عدالت پہلے ہی یہ ثابت کر چکی ہے کہ اگر کوئی شخص معاملے سے منسلک نہیں ہے تو وہ کسی کی سماعت کے درمیان مداخلت نہیں کر سکتا۔سالوے نے کہاکہ یہ نہیں ہو سکتا کہ اگر حکومت اپیل نہیں دائر کر رہی تو میں اپیل دائر کروں گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالت نے یہ کہا ہے کہ کوئی تیسرا فریق جب تک متاثر فریق نہیں ہے، وہ اس وقت تک سماعت میں مداخلت نہیں کر سکتا۔


Share: